اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن) جشن بہار کے موقع پر ، چائنا میڈیا گروپ اسپرنگ فیسٹیول گالا کی تشہیری ویڈیوز اور گھوڑے سے منسوب ثقافتی و تخلیقی مصنوعات اسلام آباد اور لاہور میں نمایاں انداز میں پیش کی گئیں، جنہیں مختلف حلقوں کی جانب سے غیرمعمولی توجہ اور پسندیدگی حاصل ہوئی۔
وزارت اطلاعات و نشریات کے سیکرٹری اور پاکستان ٹیلی وژن کے سربراہ اشفاق خلیل کا کہنا ہے کہ چائنا میڈیا گروپ نے ثقافتی مصنوعات کے ذریعے اسپرنگ فیسٹیول گالا کے برانڈ کو روزمرہ زندگی تک وسعت دی ہے،جو نہایت مؤثر ہے اور مختلف ثقافتی پس منظر رکھنے والے افراد کے لیے زیادہ قابل فہم ابلاغی راستہ فراہم کرتا ہے۔
وزارت اطلاعات و نشریات کے تحت ایکسٹرنل پبلسٹی ونگ کی سربراہ رئیسہ عادل نے کہا کہ اسپرنگ فیسٹیول گالا سے جڑی ثقافتی مصنوعات میں چینی روایتی علامتوں اور جدید جمالیاتی ذوق کو فطری انداز میں ہم آہنگ کیا گیا ہے، جن میں تہوار کی بھرپور فضا کے ساتھ بین الاقوامی اظہار بھی نمایاں ہے۔ ریڈیو پاکستان کے سربراہ سعید احمد شیخ کے مطابق، یہ ثقافتی مصنوعات دیکھتے ہی اسپرنگ فیسٹیول گالا کی رونق اور خاندانی اجتماع کا تصور ابھرتا ہے، ساتھ ہی تہوار کے پس منظر میں خاندان اور خوشحال زندگی کی قدر و اہمیت بھی محسوس ہوتی ہے۔
اسلام آباد کی ایف سیون مارکیٹ میں واقع ایک چینی ہاٹ پاٹ ریستوران میں سی ایم جی کے گھوڑے سے منسوب سال سے متعلق اسپرنگ فیسٹیول گالا کی ثقافتی مصنوعات، جن میں خصوصی پیالے اور پلیٹیں شامل تھیں، خاص طور پر نمایاں دکھائی دیں۔ ریستوران میں موجود ایک صارف نے کہا کہ اسپرنگ فیسٹیول گالا سے منسوب مصنوعات نہایت دلکش ہیں، یہ خاندانی محبت اور گرمجوشی کی علامت ہیں اور نیک تمناؤں کا پیغام بھی سمیٹے ہوئے ہیں۔
10 فروری سے اسپرنگ فیسٹیول گالا کی تشہیری ویڈیوز کی لاہور کی اورنج لائن میٹرو میں نمائش جاری ہے، جہاں 40 گاڑیوں میں نصب اسکرینوں پر یہ ویڈیوز بیک وقت دکھائی جا رہی ہیں۔ ایک مسافر عبدالصبور کا کہنا تھا کہ چین نے پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے، جبکہ اسپرنگ فیسٹیول گالا کے ذریعے منتقل ہونے والی خوشگوار اور مثبت فضا نے انہیں خوشی بھی دی اور حوصلہ بھی بڑھایا۔









