اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ ممالک کی فہرست میں شامل ہے، وزیراعظم عمران خان کا وژن بہت کلیئر ہے، ہم 1 فیصد سے بھی کم ایمیشن کرتے ہیں، انرجی سیکٹر میں 2030 تک صاف انرجی پروڈیوس کرنا چاہتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے نیشنل ریڈ پلس کی اسٹیرنگ کمیٹی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے وزیراعظم عمران خان کا جو وژن ہے وہ بہت کلیئر ہے، دنیا کے ممالک پاکستان کے وژن کی تعریف کر رہے ہیں ، ہم 1 فیصد سے بھی کم ایمیشن کرتے ہیں، پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ ممالک کی فہرست میں شامل ہے، موسمیاتی تبدیلیوں کے مسائل کے حل میں ہم اپنا حصہ ڈالنا چاہتے ہیں۔
معاون خصوصی موسمیاتی تبدیلی نے کہا کہ انرجی سیکٹر میں 2030 تک صاف انرجی پروڈیوس کرنا چاہتے ہیں، 2030 تک الیکٹریکل وہیکل لانا چاہتے ہیں، ہم نے باتیں نہیں کیں ایسے اقدامات بھی اٹھائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 3700 میگاواٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پر ہم نے شفٹ کیا ہے، پاکستان دنیا میں ایک لیڈرشپ رول میں آچکا ہے، مینگروز میں 3 سو فیصد اضافہ ہوا ہے، ہم نیشنل پارکوں کو بڑھا رہے ہیں، ہم نیشنل پارک سروس کو لانچ کرنے لگے ہیں، ریڈ پلس کے ذریعے ہم نے ایک لائحہ عمل بنایا ہے۔ ملک امین اسلم نے مزید کہا ہے کہ درخت نہ کاٹنے کا فنڈ پاکستان کو ملے گا، جنگلات کو بچانے کے لیے ڈرونز منگوائے ہیں، جو کہتے ہیں درخت کہاں لگائے ہیں انہیں ڈرونز کے ذریعے دکھائیں گے۔