اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے ہم آہنگی حافظ محمد طاہر اشرفی نے کہاہے کہ پاکستان علماء کونسل 25 اگست کو موجودہ حالات پر حلیف جماعتوں سے مشاورت کیلئے اجلاس بلا رہی ہے۔
اپنے بیان میں حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہاکہ پاکستان علماء کونسل افغانستان کے مسئلہ پر حکومت پاکستان ، اسلامی تعاون تنظیم اور رابطہ عالم اسلامی کے موقف کی تائید کرتی ہے۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہاکہ افغانستان میں ایک مضبوط مستحکم قومی اسلامی حکومت افغانستان اور خطہ کے امن و استحکام اور ترقی کیلئے ضروری ہے۔ انہوںنے کہاکہ افغان طالبان کی طرف سے موجودہ حالات میں اپنائی جانے والی پالیسیاں قابل اطمینان ہیں۔
انہوںنے کہاکہ افغان طالبان کا افغان سر زمین کو کسی بھی ملک کے خلاف استعمال نہ کرنے دینے کا اعلان مستحسن قدم ہے۔ انہوںنے کہاکہ افغان طالبان شریعت اسلامیہ کا نفاذ چاہتے ہیں جو ان کا حق ہے ، اسلام صرف مسلمانوں کا نہیں انسانیت کے حقوق کا محافظ ہے۔
انہوںنے کہاکہ پاکستان بھی ریاست مدینہ کی طرز کی ریاست بننے کیلئے بنایا گیا تھا۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہاکہ ریاست مدینہ کی طرز کی ریاست صرف عمران خان نہیں پوری قوم کو مل کر بنانی ہو گی۔









