اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے انسداد پولیو کی بھرپور کوششیں مزید تیز کرنے پر زور دیتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہیں ، تمام تر مشکلات اور چیلنجز کے باوجود حکومت اپنے بین الاقوامی اور صوبائی ،مقامی تمام ٹیم کے مدد سے پاکستان سے انسداد پولیو کے ہدف کو جلد حاصل کر لے گی،صوبائی حکومتوں سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کو پولیو کے خاتمے کے لئے یکجان ہو کر مزید تیزی سے کام کرنا ہوگا ۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت انسداد پولیو کی ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا جس میں انسداد پولیو اوور سائیٹ بورڈ کے صدر و صدر گلوبل ڈیویلپمنٹ ، گیٹس فاؤنڈیشن ڈاکٹر کرسٹوفر ایلیاس کی زیر قیادت پولیو اوور سائیٹ بورڈ کے اراکین نے شرکت کی ۔وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں ۔وزیراعظم نے انسداد پولیو کی بھرپور کوششیں مزید تیز کرنے پر زور دیا ۔ انہوںنے کہاکہ تمام تر مشکلات اور چیلنجز کے باوجود حکومت اپنے بین الاقوامی اور صوبائی ،مقامی تمام ٹیم کے مدد سے پاکستان سے انسداد پولیو کے ہدف کو جلد حاصل کر لے گی۔
وزیراعظم نے کہاکہ ہم پاکستان کے ہر بچے کو پولیو جیسے موذی مرض سے بچانے اور پولیو فری پاکستان کا عزم کرتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ ہمیں پوری لگن اور سنجیدگی کے ساتھ اس امر کو یقینی بنانا چاہیے کہ ملک بھر کے ہر بچے کو ویکسین کی متعدد خوراکیں ملیں اور وہ پولیو سے محفوظ رہے ۔ شہباز شریف نے کہاکہ فرنٹ لائن ورکرز کی لگن، حکومت پاکستان کے عزم اور پارٹنرز کے تعاون سے پاکستان نے پولیو کے خلاف اہم پیش رفت کی ہے ۔
وزیراعظم نے کہاکہ انسداد پولیو کے لئے صوبائی ، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کی حکومتوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کوششیں اور تعاون لائق تحسین ہیں۔ شہبازشریف نے کہاکہ پولیو ورکرز کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوںنے کہاکہ صوبائی حکومتوں سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کو پولیو کے خاتمے کے لئے یکجان ہو کر مزید تیزی سے کام کرنا ہوگا ۔ شہبازشریف نے کہاکہ ہم اپنے تمام شراکت داروں کے شکر گزار ہیں جو پولیو کے خاتمے کے حوالے سے حکومت کا بھرپور ساتھ دے رہے ہیں ۔
وزیراعظم نے کہاکہ سعودی ولی عہد و وزیر اعظم عزت مآب محمد بن سلمان کا بھی شکر گزار ہوں جو کی انسداد پولیو میں پاکستان کا ہر طرح سے ساتھ دے رہے ہیں ۔وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان میں انسداد پولیو مہم میں بل گیٹس فاؤنڈیشن سمیت تمام شراکت داروں نے بہت اہم اور قابل تحسین کردار ادا کیا ہے ۔اجلاس کو انسداد پولیو کے حوالے سے بریفنگ دی گئی ۔ اجلاس کو بتایاگیاکہ جنوبی خیبر پختون خواہ کے علاقوں میں پولیو وائرس کے مکمل خاتمے کے لییہر ڈسٹرکٹ میں درپیش مسائل کی نسبت سے مخصوص انسداد پولیو مہم تشکیل دی جا رہی ہے۔
بتایاگیاکہ پاکستان میں انسداد پولیو مہم نہ صرف بچوں میں پولیو کیسز بلکہ اسکی ماحولیاتی موجودگی کو ختم کرنے میں بھی کوشاں ہیں ۔پولیو اوور سائیٹ بورڈ کے اراکین میں ریجنل ڈائریکٹر عالمی ادارہ صحت، ڈاکٹر حنان بلخی، یونیسیف کے ریجنل ڈائریکٹر سنجے وجیسکیرا، کے ایس ریلیف ، سعودی عرب کے ڈاکٹر زیاد میمیش ،روٹری انٹرنیشنل کے مائیک میکگورن اور ٹرسٹی روٹری کے عزیز میمن شامل تھے۔
اجلاس میں وفاقی وزیر قومی صحت سید مصطفی کمال ، وزیر مملکت برائے قومی صحت ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ، انسداد پولیو پر وزیراعظم کی فوکل پرسن عائشہ رضا فاروق ، چاروں صوبوں ، گلگت بلتستان ، آزاد جموں و کشمیر کے چیف سیکریٹریز ، اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری کے چیف کمشنر ، انسداد پولیو کے نیشنل کوآرڈینیٹر اور دیگر متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔