کابینہ 20

پاکستان سمیت 8 ممالک کی اسرائیل کے مغربی کنارے پر قبضے کی شدید مذمت

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) پاکستان، مصر، اردن، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا، ترکیہ، سعودی عرب اور قطر کے وزرائے خارجہ نے مقبوضہ مغربی کنارے کی اراضی کو اسرائیل کی جانب سے نام نہاد اسٹیٹ لینڈ قرار دینے اور 1967 کے بعد پہلی بار وسیع پیمانے پر اراضی کی رجسٹریشن و ملکیت کے طریقہ کار کی منظوری دینے کے فیصلے کی شدید مذمت کی ہے۔

پاکستان سمیت 8 مسلم ممالک کے مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ یہ اقدام غیر قانونی بستیوں کے قیام کو تیز کرنے، زمینوں پر قبضہ مستحکم کرنے اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں پر غیر قانونی خود مختاری مسلط کرنے کی کوشش ہے، جو فلسطینی عوام کے جائز حقوق کو نقصان پہنچاتا ہے۔

وزرائے خارجہ نے اسرائیلی اقدام کو بین الاقوامی قانون اور چوتھے جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2334 کے منافی قرار دیا۔

اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا کہ اسرائیل کا یہ غاصبانہ فیصلہ 2 ریاستی حل کو کمزور اور خطے میں منصفانہ و جامع امن کے امکانات کو متاثر کرتا ہے۔

وزرائے خارجہ نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ ان اقدامات کو روکنے کے لیے مؤثر اور واضح اقدامات کرے اور فلسطینی عوام کے حقِ خود ارادیت اور 4 جون 1967 کی سرحدوں کے مطابق، مشرقی یروشلم کو دارالحکومت بناتے ہوئے آزاد و خودمختار ریاست کے قیام کی حمایت کرے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں