عطا اللہ تارڑ 48

پاکستان درست انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر افغانستان کے اندرعسکریت پسندوں کے ٹھکانوں کیخلاف کارروائیاں کر رہا ہے، وزیراطلاعات

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان ، افغانستان کے اندر عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں کے خلاف درست انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائیاں کر رہا ہے، پاکستان نے افغانستان میں کسی شہری علاقے کو نشانہ نہیں بنایا، پاکستان صرف اور صرف دہشت گردوں کے بنیادی ڈھانچے اور ان کے معاون نظام کو ہدف بنا رہا ہے۔

غیر ملکی جریدوں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ افغان طالبان رجیم کی جانب سے پیش کئے جانے والے خیالی اعداد و شمار کسی سنجیدہ تبصرے کے بھی قابل نہیں ہیں، افغان وزارت دفاع کے ترجمان کی جانب سے پاکستان کے خلاف میدان جنگ میں کامیابیوں کے دعوے درست نہیں اور محض پروپیگنڈا ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے افغان طالبان رجیم اور اقوام متحدہ کے مشن برائے افغانستان کی طرف سے افغان شہریوں کی ہلاکتوں کی خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ کابل میں قائم اقوام متحدہ کی ایجنسی کی ان معلومات کا مکمل انحصار طالبان حکومت پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کی جانب سے مل کر حملے کرنا اس بات کی تصدیق ہے کہ افغان طالبان حکومت اور افغانستان کی سرزمین سے سرگرم متعدد دہشت گرد تنظیموں کے درمیان گٹھ جوڑ موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغان طالبان رجیم کے تمام حملوں کا فوری اور موثر انداز میں جواب دیا گیا۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردوں اور ان کے معاونین بشمول افغان طالبان کے فوجی اڈوں کو درست طریقے سے نشانہ بنایا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں