اسپیکر قومی اسمبلی

پاکستان جرمنی کے ساتھ اپنے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے، اسپیکر قومی اسمبلی

اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن ) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ پاکستان جرمنی کے ساتھ اپنے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے، دونوں ممالک اہم عالمی و علاقائی امور پر یکساں موقف رکھتے ہیں، پارلیمانی و اقتصادی رابطوں میں فروغ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کے لیے ضروری ہے، عالمی برادری افغانستان میں پیدا ہونے والے انسانی بحران پر قابو پانے کے لیے کردار ادا کرے، عالمی امن و خوشحالی پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔

تفصیلات کے مطابق جرمنی کے سفیر برن ہارڈ سٹیفن شیلک کی اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات ہوئی جس میں دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر اسد قیصر کا کہنا تھا کہ جرمنی یورپی یونین کا اہم ملک ہے، پاکستان جرمنی کے ساتھ اپنے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک اہم عالمی و علاقائی امور پر یکساں موقف رکھتے ہیں، پارلیمانی و اقتصادی رابطوں میں فروغ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کے لیے ضروری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے مابین مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کے وافر مواقع موجود ہیں، پاکستان میں سماجی شعبے کی ترقی میں جرمن ترقیاتی تنظیموں کا کردار قابلِ ستائش ہے۔ اسد قیصر نے کہا کہ دونوں ممالک کے اراکین پارلیمنٹ دونوں ممالک کی عوام کو قریب لانے اور ہم آہنگی کے فروغ کے لیے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، افغانستان کی موجودہ صورتحال عالمی توجہ کی متقاضی ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا مزید کہنا تھا کہ عالمی برادری افغانستان میں پیدا ہونے والے انسانی بحران پر قابو پانے کے لیے کردار ادا کرے، عالمی امن و خوشحالی پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔

جرمنی کے سفیر برن ہارڈ سٹیفن شیلک نے کہا کہ جرمنی پاکستان کو اپنا دوست اور اقتصادی شراکت دار تصور کرتا ہے، جرمن پارلیمنٹ پاکستان کی قومی اسمبلی کے ساتھ تعاون کو مزید بڑھانے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جرمنی اقتصادی و سماجی شعبوں میں دوطرفہ تعاون میں مزید اضافہ چاہتا ہے، جرمنی پاکستان میں تعلیم خصوصا فنی تعلیم کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے میں خصوصی دلچسپی رکھتا ہے۔ جرمنی کے سفیر برن ہارڈ سٹیفن شیلک کا مزید کہنا تھا کہ پارلیمانی دوستی گروپ دونوں ممالک کو مزید قریب لانے میں اہم کردار ادا کرے گا، دنیا میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کا کردار قابلِ ستائش ہے۔