شعیب اختر کا مشورہ

پاکستان اور بھارت کے عوام شہزاد رائے اور انوپم کھیر سے کچھ سیکھیں، شعیب اختر کا مشورہ

راولپنڈی (ر پورٹنگ آن لائن)سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے عوام کو گلوکار شہزاد رائے اور بالی ووڈ اداکار انوپم کھیر سے سیکھنا چاہیے کہ ہر وقت لڑائی جھگڑا ضروری نہیں ہوتا۔شعیب اختر نے انوپم کھیر کے اس ٹوئٹ پر ردّعمل دیا جس میں اْنہوں نے اپنی غلطی تسلیم کی تھی۔شعیب اختر نے بالی ووڈ اداکار کے ٹوئٹ پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ اس سے ہمیں سبق ملتا ہے کہ ہر بار معاملات کو بدصورت نہیں بنانا چاہیے بلکہ پْرسکون انداز میں بھی حل کیے جاسکتے ہیں۔سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ شہزاد رائے نے انوپم کھیر کو سمجھایا اور اْنہوں نے سمجھ لیا جسے دیکھ کر خوشی ہوئی۔اْنہوں نے کہا کہ اس معاملے میں پاک بھارت عوام کو ان سے بہت کچھ سیکھنے کی ضرورت ہیواضح رہے کہ سوشل میڈیا پر گردش کرتی پاکستانی بچوں کی ویڈیو کو بھارتی قرار دینے والے بھارتی فنکار انوپم کھیر نے گلوکار شہزاد رائے کے سامنے اپنی غلطی تسلیم کرلی تھی۔انوپم کھیر نے کہا تھا کہ میں غلط تھا، آپ ٹھیک تھے، میری تصحیح ہوئی۔

بھارتی اداکار نے کہا تھا کہ مجھے اس ویڈیو نے بہت متاثر کیا، ان بچوں کے شوق کو پروان چڑھانے میں مدد کرکے آپ بہت زبردست کام کررہے ہیں۔دوسری جانب شہزاد رائے نے اپنے ٹوئٹ میں انوپم کھیر سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا تھا کہ میں آپ کا پرستار ہوں اور آپ کے کام کو پسند کرتا ہوں۔گلوکار نے ویڈیو میں نظر آنے والے بچوں کے حوالے سے کہا تھا کہ ‘میں آپ کو بچوں کے ان خوبصورت گروپ اور ان کی موسیقی کے بارے میں اپ ڈیٹ کرتا رہوں گا۔