وزیراعظم محمد شہباز شریف 102

پاکستان امریکہ کیساتھ باہمی مفاد پر مشتمل بالخصوص دو طرفہ تجارتی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، شہبا زشریف

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ باہمی مفاد پر مشتمل بالخصوص دو طرفہ تجارتی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے،امریکہ سے دو طرفہ کثیر الجہتی تجارتی تعلقات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی ،زراعت اور صنعت کے شعبوں میں تعاون کو مزید بہتر بنانا حکومت پاکستان کی ترجیحات میں شامل ہے۔

ہفتہ کووزیر اعظم شہباز شریف سے امریکہ میں پاکستان کے سفیر سردار مسعود خان نے ملاقات کی ۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ امریکی سرمایہ کاروں کی پاکستان میں سرمایہ کاری کو مزید موثر بنانے کے لیے مختلف شعبوں میں ممکنہ مواقع کو اجاگر کرنے کے لئے بھرپور اقدامات کئے جائیں۔ مزید براں وزیراعظم نے امریکی سرمایہ کاروں کو درپیش مسائل کی نشاندہی کرنے کی بھی خصوصی ہدایت کی تاکہ حکومت بروقت اور موثر اقدامات اٹھا کر تجارتی حجم کو مزید بہتر کر سکے۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سرمایہ کاروں کے لئے درآمدات و برآمدات پر لاگو قوانین و ضوابط کو آسان بنانے کے لیے حکومت ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے۔سردار مسعود خان نے وزیر اعظم کو امریکہ میں موجود پاکستانی سفارتی مشن کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں