حافظ نعیم الرحمن 31

پاکستان ،افغانستان کشیدہ تعلقات کا باقاعدہ جنگ کی طرف بڑھنا انتہائی تشویش ناک ہے’ حافظ نعیم الرحمن

لاہور(رپورٹنگ آن لائن ) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدہ تعلقات کا باقاعدہ جنگ کی طرف بڑھنا انتہائی تشویش ناک ہے،دو ہمسایہ اسلامی ممالک کے درمیان یہ صورتحال دونوں طرف کے عوام کے لیے نہایت تکلیف دہ ہے،پاکستان کی سلامتی اور دفاع 25 کروڑ پاکستانیوں کی ترجیح اول ہے۔

ایکس پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پاک افغان کشیدگی ایک ایسے وقت شدت اختیار کررہی ہے جب تل ابیب میں بھارت اور اسرائیل اکٹھا ہیںاوراور یہ اتحاد پورے عالم اسلام کے لیے مہلک ہے، طالبان کو یہ سمجھنا ہوگا کہ بھارت ان کا دوست نہیں ہوسکتا،پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی کسی کے بھی مفاد میں نہیں ۔

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ امریکہ اس وقت ایران پر لشکر کشی کے بہانے تلاش کررہا ہے اور غزہ میں کیے گئے جنگی جرائم سے توجہ ہٹانے کے لیے جنگ کا مرکز تبدیل کیا جارہا ہے،افغان قیادت کوئی ایسا راستہ اختیار نہ کرے جس سے وہ عالم اسلام سے کٹ جائیں اور اسلام دشمن قوتوں کو اس کا فائدہ ہو۔حکومت پاکستان کی جانب سے اس اہم اور نازک موقع پر قومی مشاورت سے گریز ناقابل فہم ہے، اس معاملے پر فوری طور پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلایا جائے اور تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جائے،

اس صورت حال میں ضروری ہے کہ عالم اسلام کے جید علما ء ماضی کی طرح سامنے آئیں اور پاکستان و افغانستان کے درمیان جنگ کی آگ کو ٹھنڈا کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوںنے کہا کہ چین ، ترکی ، قطر اور سعودی عرب گزشتہ عرصہ میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعلقات کو معمول پر لانے کی کوشش کو ترک نہ کریں اور اس موقع پر از سر نو اپنا کردار ادا کریں۔ انہوںنے کہا کہ پاک سعودی عرب دفاعی معاہدہ اسرائیل کے لیے ناقابل برداشت ہے،عالم اسلام کے درمیان اتحاد و اتفاق کی ہر کوشش کو زائل کرنا یہود و ہنود کے ایجنڈے کا حصہ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں