لاہور(رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور راناثنااللہ نے کہا ہے کہ مصدقہ اطلاعات ہیں بھارت 5 ڈیم بنا رہاہے،پانی کے معاملے پر ہمیں بھارت کے ساتھ کچھ کرنا پڑا تو ضرور کریں گے،چیئرمین واپڈا اور میری ملاقات ہوئی تھی، ہم نے پانی کے معاملے پر صدرمملکت سے بھی ملاقات کی، بھارت5ڈیم بنا رہا ہے، ڈیم بننے کے بعد بھارت چناب کا پانی روک سکے گا۔
ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ جب ہمیں فصلوں کیلئے ضرورت ہوگی تو بھارت پانی روکے گا، ہمیں ضرورت نہیں ہوگی تو بھارت پانی چھوڑے گا جس سے سیلاب آئے گا، حل یہ ہے کہ ہمیں بھی 3 سے 4 پانی کے ذخائر بنانے چاہئیں، بھارت پانی چھوڑے تو ہم اسے ذخیرہ کرلیں۔راناثنااللہ نے کہا کہ امریکہ ایران کے درمیان تیسری عالمی جنگ ہونے جارہی تھی،اس کو رکوایاگیا، امریکہ ایران کی جنگ بندی کا تاریخی کارنامہ پاکستان نے انجام دیا، وزیراعظم شہبازشریف اور فیلڈمارشل عاصم منیرکوتاریخ یادرکھے گی، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل ہیروز ہیں،تاریخ کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
انہوںنے کہا کہ وزیراعظم سے درخواست کروں گامعرکہ حق اورامن معاہدے پرکتاب لکھیں، ایک پیج مذاق بنا ہوا ہے،اچھے معنوں میں نہیں لیاجاتا، وزیراعظم اور فیلڈمارشل کے درمیان خلوص،عزت واحترام کارشتہ ہے، فیلڈمارشل عاصم منیرمعاملہ فہم ہیں۔مشیر وزیراعظم نے کہا کہ کابینہ میں تبدیلی وزیراعظم کا استحقاق ہے،جب چاہیں کردیں، وزیراعظم میٹنگز میں کچھ لوگوں سے ناراض ہوتے رہتے ہیں، ضروری نہیں جس سے ناراض ہوں اس کوتبدیل کردیں۔انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کے مسائل میں شفاف الیکشن بہتری لاسکتے ہیں، آزادکشمیر میں شفاف الیکشن کرانے چاہئیں، آزاد کشمیرالیکشن جیتنے کی کوشش کریں گے۔ گلگت بلتستان میں شفاف الیکشن ہوئے، ہمیں گلگت بلتستان میں حکومت سازی کیلئے پیپلزپارٹی کو سپورٹ کرناچاہیے۔









