اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)احتساب عدالت نے پارک لین ریفرنس میں سابق صدر آصف زرداری سمیت 9 ملزموں پرفردجرم عائد کردی ،سابق صدر آصف علی زرداری سمیت دیگر ملزموں نے صحت جرم سے انکار کردیا۔
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں پارک لین ریفرنس پر سماعت ہوئی ،احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے ویڈیو لنک کے ذریعے سماعت کی،فردجرم سے قبل تمام ملزموں کی حاضریاں لگوائی گئیں،آصف زرداری ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش ہوئے۔
سابق صدر آصف زرداری نے کہاکہ میری بھی کچھ سن لیں ،میرے وکیل فاروق ایچ نائیک سپریم کورٹ میں ہیں ،سابق صدر آصف زرداری نے ویڈیو لنک کے ذریعے استدعاکرتے ہوئے کہا کہ آپ میرے وکیل کی غیر موجودگی میں مجھ پر فردجرم عائد نہیں کرسکتے۔
عدالت نے کہاکہ ہم آپ سے دو الزامات کے بارے میں پوچھیں گے ،آصف زرداری نے کہا کہ لیکن جواب تو میرا وکیل دے گا نہ،مجھے 30 سال ہو گئے مقدمات کاسامنا کرتے ہوئے۔عدالت نے کہاکہ کیا آپ نے فرنٹ کمپنی پارتھینن کے ذریعے غیرقانونی 1 اعشاریہ 5 ارب کاقرض حاصل کرکے فراڈ کیا؟،آصف زرداری نے کہاکہ تمام الزامات کوردکرتاہوں آپ کراچی آکر اس عمارت کو بھی دیکھ لیں۔
عدالت نے سابق صدر آصف زرداری سمیت دیگر ملزموں پرپر ویڈیولنک کے ذریعے فردجرم عائد کردی ،سابق صدر اور دیگر ملزموں نے صحت جرم سے انکار کردیا۔