اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن ) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ٹیکنالوجی انڈسٹری سے زر مبادلہ کمایا جاسکتا ہے، اس سے کرنٹ اکاونٹ خسارہ کم ہوسکے گا،حکام آئی ٹی کے شعبے میں سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے اقدامات کریں، ٹیکنالوجی کی حقیقی صلاحیت سے فائدہ اٹھانے پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں، غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے کام تیز کیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اسپیشل ٹیکنالوجی زون اتھارٹی کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس ہوا۔ وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق، چیئرمین اسپیشل ٹیکنالوجی زون اتھارٹی عامر ہاشمی، مشیر خزانہ شوکت ترین، ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور دیگر سرکاری حکام اجلاس میں شریک ہوئے۔ اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں نے 520 ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری کا وعدہ کیا ہے، سرمایہ کاری اسلام آباد، کراچی اور لاہور کے ٹیکنالوجی زون میں ہوگی۔
اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ٹیکنالوجی کی حقیقی صلاحیت سے فائدہ اٹھانے پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں، ٹیکنالوجی سے زر مبادلہ کمایا جاسکتا ہے اور اس سے کرنٹ اکانٹ خسارہ کم ہوسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکام آئی ٹی شعبے میں سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے اقدامات کریں، غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے کام تیز کیا جائے۔