وزیر خزانہ محمد اورنگزیب

ٹیکس نظام کی ڈیجیٹائزیشن ٹیکس وصولی کو جدید بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیر خزانہ اور ریونیو سینیٹر محمد اورنگزیب نے پاکستان میں ای گورننس کی نمایاں صلاحیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ٹیکس نظام کی ڈیجیٹائزیشن ٹیکس وصولی کو جدید بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے ۔انہوں نے یہ بات فنانس ڈویژن میں بل اینڈ میلنڈا گیٹس فانڈیشن کے فوکس کنٹری امپلیمنٹیشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر مسٹر جیسن لیمب سے ملاقات کے دوران کہی ۔ ملاقات میں وزیر مملکت علی پرویز ملک، ممبر ریفارمز ایف بی آر اور کار انداز کے سی ای او نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر وفاقی وزیر نے بل اینڈ میلنڈا گیٹس فانڈیشن کی جانب سے FBR کی جاری ڈیجیٹلائزیشن کے لیے McKinsey & Co. کو شامل کرنے میں ان کے تعاون کی تعریف کی۔ انہوں نے پاکستان میں ای گورننس کی نمایاں صلاحیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ٹیکس نظام کی ڈیجیٹائزیشن ٹیکس وصولی کو جدید بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے، جس سے شفافیت اور آمدنی میں اضافہ ہوگا۔ سینیٹر محمد اورنگزیب نے موجودہ ڈیٹا ذرائع کو ٹیکس کے مقاصد کے لیے موثر طریقے سے استعمال کرنے کے لیے ضروری اصلاحات کا بھی ذکر کیا۔

وزیر مملکت علی پرویز ملک نے راست ، پاکستان کے فوری ادائیگی کے نظام کے نفاذ کے چیلنجوں اور اس کی فعالیت کو بہتر بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ میٹنگ ان اہداف کے لیے مل کر کام جاری رکھنے کے لیے شامل تمام فریقین کی جانب سے عزم کے ایک مضبوط نوٹ کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔