لاہور(ر پورٹنگ آن لائن) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کو مینز ٹیسٹ پلیئر آف دی ایئر 2021 کے ایوارڈ کیلئے نامزد افراد کی فہرست میں شامل نہ کر نے پرپاکستانی کرکٹ شائقین حیران رہ گئے ۔ تفصیلات کے مطابق آئی سی سی نے ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر کیلئے سری لنکا کے دیمتھ کرونارتنے، نیوزی لینڈ کے کائل جیمیسن، بھارت کے روی چندرن اشون اور انگلینڈ کے جو روٹ کو نامزد کیا۔شائقین کرکٹ کے مطابق پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی کا بھی ٹیسٹ کرکٹ میں یہ سال بہترین رہا ہے۔
اسپورٹس جرنلسٹ ساج صادق نے کہا کہ حیرت ہے کہ 17 اعشاریہ 6 کی اوسط سے سال میں 47 وکٹیں لے کر دوسرے نمبر پر رہنے والے شاہین شاہ آفریدی کو اس فہرست میں شامل نہیں کیا گیا۔ایک اور اسپورٹس جرنلسٹ ارسلان صدیق نے کہا کہ شاہین نے اس سال غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔فاسٹ بولر نے صرف نو میچوں میں 47 وکٹیں حاصل کیں لیکن اس کے باوجود ان کا نام نامزدگیوں کی فہرست میں شامل نہیں ہے۔









