دبئی (رپورٹنگ آن لائن) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں 23 اکتوبر کو دفاعی چمپئن ویسٹ انڈیز اور ٹی20 رینکنگ میں پہلے نمبر پر موجود انگلینڈ مدِمقابل ہوں گے۔ یاد رہے کہ گزشتہ ٹی20 ورلڈ کپ کے فائنل میں بھی یہی دونوں ٹیمیں مدِمقابل تھیں۔اس میچ میں کارلوس بریتھویٹ نے تاریخی چھکے لگا کر ویسٹ انڈیز کو ٹی20 چمپئن بنادیا تھا۔ اس ٹورنامنٹ میں اگرچہ ویسٹ انڈیز اسکواڈ میں بریتھویٹ شامل نہیں ہیں تاہم کیرن پولارڈ، آندرے رسل، کرس گیل اور ایون لوئیس کے ہوتے ہوئے ویسٹ اینڈیز کی بیٹنگ مخالف ٹیم کو تہس نہس کرسکتی ہے۔دوسری جانب انگلینڈ کی ٹیم بھی این مورگن کی کپتانی میں بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اتر رہی ہے۔
اس ٹیم میں بہترین ٹی20 بیٹسمین ڈیوڈ میلان کے علاوہ جاس بٹلر، جیسن رائے اور خود این مورگن کے ساتھ ساتھ اچھے باؤلرز بھی شامل ہیں۔23 اکتوبر کو ابوظہبی میں آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان میچ کھیلا جائے گا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ماضی میں کسی بھی آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ میں ان دونوں ٹیموں کا صرف ایک مرتبہ آمنا سامنا ہوا ہے۔ ان دونوں ٹیموں کے پاس ایک مضبوط ٹاپ آرڈر اور تجربہ کار پیسر اور اسپنر موجود ہیں۔