ٹونگا

ٹونگا نے سونامی کے بعد ہنگامی امداد کی اپیل کردی

کینبرا(ر پورٹنگ آن لائن)نیوزی لینڈ کے قریب واقعے ملک ٹونگا میں زیر سمندر آتش فشاں پھٹنے سے صورتحال انتہائی خراب ہوگئی جس کے باعث ٹونگا نے فوری امداد کی اپیل کی ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ٹونگا میں زیر سمندر آتش فشاں پھٹنے اور اس کے نتیجے میں آنے والے سونامی نے تباہی مچادی جس کے بعد ٹونگا کی جانب سے پانی اور خوراک کے لیے فوری امداد کا مطالبہ کیا گیا ۔ہفتے کے روز بحرالکاہل میں واقع ملک ٹونگا میں زیر سمندر آتش فشاں پھٹا تھا جس کے نتیجے میں آنے والے سونامی کو فلپائن کے 1991 کے سونامی کے بعد بدترین سونامی قرار دیا جارہا ہے۔

ادھر آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ نے ٹونگا میں سونامی کے بعد امداد کے لیے دو طیارے روانہ کیے ہیں جب کہ ان کا کہنا تھاکہ وہ امریکا، فرانس اور دیگر ممالک سے بھی انسانی بنیادوں پر جلد امداد کے لیے رابطے میں ہیں۔آسٹریلوی وزیر کا کہنا تھا کہ ابتدائی رپورٹس سے یہ بات سامنے آئی ہیکہ سونامی سے سڑکوں اور پلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے جب کہ بڑے پیمانے پر ہلاکتوں سے متعلق ابھی کچھ نہیں کہا جاسکتا تاہم ٹونگا میں سونامی کے بعد ایک برطانوی شہری کے لاپتا ہونے کی اطلاعات ہیں۔نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کا کہنا تھاکہ سونامی نے ٹونگا میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے تاہم اب تک کسی ہلاکت کی اطلاع نہیں ملی۔