واشنگٹن(رپورٹنگ آن لائن)اسرائیل کے لیے سابق امریکی سفیر نے دعوی کیا ہے کہ صدر ٹرمپ ایرانی سپریم لیڈر کو قتل کرنے کی کوشش کریں گے۔
سابق امریکی سفیر ڈان شپیرو سابق امریکی صدر بارک اوبامہ کے دور صدارت میں اسرائیل میں امریکی سفیر تعینات تھے۔ ایک انٹرویو میں سابق امریکی سفیر ڈان شپیرو نے کہا کہ صدر ٹرمپ آنے والے ہفتوں میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کو قتل کرنے کی کوشش کریں گے۔ڈان شپیرو نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای سے متعلق کہا کہ اب وہ 86 برس کے ہوچکے ہیں اور بیمار آدمی ہیں لہذا ایران کو اس وقت ایک نئی قیادت کی ضرورت ہے۔
اس کے علاوہ سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر جاری بیان میں سابق امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ جلد امریکا کا ایک بڑا بیڑا مشرق وسطی میں موجود ہوگا جو ایران پر حملے کو نہ صرف آسان بنائے گا بلکہ ایران کے جواب کی صورت میں دفاعی تیاریوں میں بھی مدد دے گا۔انہوں نے کہا کہ امریکا ایرانی فورسز پر مزید حملے کرسکتا ہے۔









