لاہور ( رپورٹنگ آن لائن)قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف نے کھلاڑیوں کو لیکچر دیتے ہوئے واضح پیغام دیا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ویمن ورلڈ کپ میں اپنے لئے نہیں بلکہ ٹیم کیلئے کھیلنا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اپنے آفیشل ٹوئٹر اکائونٹ پر بسمہ معروف کا ویڈیو لیکچر شیئر کیا ہے، جس میں ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان نے کہا کہ جو ہدف ہم نے منتخب کیا ہے وہ اکیلے حاصل نہیں ہوسکتا، یہ ٹیم ہے ہمیں ایک دوسرے کا ساتھ دینا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کسی کو کوئی مسئلہ ہو تو مجھ سے یا کوچ سے بات کرے، ورلڈ کپ میں دوبارہ کپتانی کیلئے پر عزم ہوں، ایونٹ میں اولین ترجیح سیمی فائنل تک رسائی ہے۔انہوںنے کہاکہ مجھے پوری ٹیم پر اعتماد ہے، وہ سیمی فائنل کھیل سکتی ہے، گزشتہ سال ہماری ٹیم کی کارکردگی اچھی نہیں رہی تاہم انفرادی طور پر ہم نے اچھا کھیل پیش کیا تھا۔قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان نے کہا کہ ورلڈ کپ میں ایک ٹیم کی طرح کھیلنا ہوگا، کیمپ میں اپنی بنیادی تکنیک پر فوکس رکھنا ہوگا۔