حنیف عباسی

وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کا لکی مروت میں سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی پر خراج تحسین

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے لکی مروت میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے آٹھ دہشت گردوں کی ہلاکت پر بہادر جوانوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ قوم اپنے سرفروش جوانوں کی قربانیوں پر فخر کرتی ہے جنہوں نے اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر وطن دشمن عناصر کے عزائم کو ناکام بنایا۔

محمد حنیف عباسی نے کہا کہ شہداء اور غازیوں کی قربانیاں ملک میں امن و استحکام کی ضمانت ہیں اور پوری قوم دہشت گردی کے خلاف اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپریشن کے دوران پاک فوج کے جوانوں نے غیر معمولی پیشہ ورانہ مہارت اور جرات کا مظاہرہ کیا جس سے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں مل گئے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ خوارج کے خلاف کارروائیاں دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جاری رہیں گی اور یہ کامیابیاں قوم کے حوصلے کو مزید بلند کر رہی ہیں۔