سعید غنی

وفاقی حکومت کے ظالمانہ ٹیکس نے عوام کی چیخیں نکال دیں‘سعید غنی

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) پیپلز پارٹی کے رہنما و صوبائی وزیر اطلاعات سعید غنی نے کہا ہے کہ گزشتہ روز وفاقی حکومت نے جو ظالمانہ ٹیکس لگائے ہیں اس نے عوام کی چیخیں نکال دیں‘ جی ڈی اے ‘ ایم کیو ایم اور پاکستان مسلم لیگ (ق) نے کابینہ میں موجود ہو کر بھی ان ٹیکسوں کی بھرمار کے خلاف کوئی آواز بلند نہیں کی۔

جمعہ کے روز کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ عوام کا منہ بند کرنے کے لئے انہوں نے شور مچایا کہ ٹیلی فون کالوں پر پندرہ فیصد جنرل وودہولڈنگ ٹیکس زیادہ ہے اسے کم کیا جائے جس پر وزیراعظم عمران خان نے انہیں لالی پاپ دیا کہ ہم اس پر ایک کمیٹی بٹھا دیتے ہیں جو اس وودہولڈنگ ٹیکس کے بارے میں فیصلہ کرے گی لیکن میں پیشگی بتانا چاہتا ہوں کہ وودہولڈنگ ٹیکس پندرہ فیصد ہی رہے گا کم نہیں ہوگا۔

سعید غنی نے کہا کہ ایم کیو ایم اور جی ڈی اے کس منہ سے عوام کے پاس کل ووٹ مانگنے آئیں گے۔ ایم کیو ایم کو ٹاسک دیا گیا ہے کہ وہ صوبہ سندھ میں بدامنی‘ لسانیت اور امن و امان کا مسئلہ پیدا کرے۔ انہوں نے کہا کہ منی بجٹ نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے پہلے ہی لوگوں کو دو وقت کے کھانے کے لئے گندم ‘ آٹا ‘ چینی ‘ گھی مہنگے داموں مل رہے تھے۔ اب اس ظالمانہ ٹیکس کے بعد اور زیادہ مہنگائی کا سیلاب آجائے گا۔