اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے ترکیہ کے قومی دن کے موقع پر ترک قوم اور صدر رجب طیب اردوان کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دن ترکیہ کی آزادی، خودداری، استقامت اور قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔
مصطفی کمال اتاترک کے وژن سے شروع ہونے والا سفر صدر رجب طیب اردوان کی قیادت میں نئی بلندیوں کو چھو رہا ہے۔اپنے پیغام میں محسن نقوی نے کہا کہ صدر رجب طیب اردوان کی مدبرانہ قیادت نے ترکیہ کو ترقی و خوشحالی کی منزل سے ہمکنار کیا ہے۔ پاکستان اور ترکیہ کے عوام کے دل کسی جغرافیائی حد کے پابند نہیں۔انہوں نے کہا کہ ہر مشکل گھڑی میں ترکیہ نے پاکستان کا ساتھ دیا ہے، چاہے زلزلے ہوں، سیلاب ہوں یا جنگ، ترکیہ ہمیشہ ہمارے شانہ بشانہ کھڑا رہا ہے۔
وفاقی وزیرِ داخلہ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر ترکیہ کا اصولی اور دوٹوک موقف آج بھی پاکستانی عوام کے دلوں میں زندہ ہے۔محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ اب اقتصادی، دفاعی اور ثقافتی تعاون کے نئے دور میں داخل ہو چکے ہیں۔ پاکستان کے عوام ترکیہ کی ترقی اور صدر اردوان کی قیادت پر فخر محسوس کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قومی دن کے موقع پر پاک ترک دوستی کے عزم کو ایک نئے جوش و جذبے کے ساتھ دہراتے ہیں ، دو دل، ایک جذبہ، ایک منزل: امن، ترقی اور بھائی چارہ ہے۔