جنرل ہسپتال 77

وزیراعلیٰ کے ویژن”صحت مند پنجاب” کے تحت جنرل ہسپتال کا مشن 2026کا اعلان

لاہور، 31دسمبر(زاہد انجم سے)وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن ” صحت مند پنجاب ” اور ہیلتھ ریفارمز پالیسی کے تحت لاہور جنرل ہسپتال نے نئے سال کے آغاز پر انقلابی پروگرام ” مشن 2026” کا باقاعدہ اعلان کردیا، جس کے تحت پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے تمام ہیلتھ کیئر پروفیشنلز کے نام ایک جامع پروگرام ” عہدِ انسانیت” جاری کیا ہے، جس کا مرکزی نعرہ ”علم، خدمت اور ہمدردی: ہر زندگی کا تحفظ، ہماری اولین ترجیح” مقرر کیا گیا ہے۔ پروفیسر فاروق افضل نے امید ظاہر کی کہ 2026 امیر الدین میڈیکل کالج کیلئے جدید سہولتوں سے اراستہ کیمپس ملنے کی نوید لیکر آئیگا اس کمپس کے مل جانے سے میڈیکل سٹوڈنٹس کو تحقیق اور جدید طبی مہارتوں کے لیے بہترین ماحول میسر ائے گا انہوں نے کہا کہ یہ صرف ایک عمارت نہیں بلکہ طبی تعلیم کے مستقبل کو محفوظ بنانے کا عزم ہے تاکہ اے ایم سی کے فارغ التحصیل ڈاکٹرز انسانیت کی خدمت کے نئے باب رقم کر سکیں۔

پروفیسر فاروق افضل نے واضح کیا کہ شعبہ ایمرجنسی کسی بھی ہسپتال کا چہرہ ہوتا ہے، اس لیے مشن 2026 کے تحت ایمرجنسی کے ٹرائی ایج (Triage) ایریا کو بین الاقوامی معیار کے مطابق جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا تاکہ تشویش ناک حالت میں آنے والے مریضوں کی فوری درجہ بندی کر کے انہیں ترجیحی بنیادوں پر زندگی بچانے والی طبی امداد فراہم کی جا سکے۔

انہوں نے اس تجدیدی منشور میں زور دیا کہ مسیحائی محض ایک ملازمت نہیں بلکہ دکھی انسانیت کی خدمت کا ایک مقدس فریضہ ہے، لہٰذا وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق عام آدمی کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی۔

”مشن 2026” کے تحت مریضوں کا علاج مکمل توجہ اور انسانی ہمدردی کے ساتھ کرنے، جدید طبی مہارتوں کے ذریعے معیارِ نگہداشت کو یقینی بنانے اور مریضوں و ان کے لواحقین کے ساتھ باوقار برتاؤ کو ادارے کی بنیاد قرار دیتے ہوئے انہوں نے باور کرایا کہ بے لوث خدمت ہی اصل عبادت ہے، جبکہ اس مشن کے تحت پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ، امیر الدین میڈیکل کالج، نرسنگ کالج اور الائیڈ ہیلتھ سائنسز سکول میں اعلیٰ طبی تعلیم اور جدید تحقیق کو فروغ دے کر جنرل ہسپتال کو کلینیکل سروسز اور ریسرچ کا مثالی مرکز بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ چاروں تعلیمی ادارے نہ صرف پاکستان بلکہ بیرون ممالک بہترین تربیت یافتہ افرادی قوت فراہم کرنے میں پیش پیش ہیں، جہاں سے فارغ التحصیل ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈکس اپنی پیشہ وارانہ مہارت سے ادارے کا نام روشن کر رہے ہیں۔ ایم ایس فریاد حسین کہتے ہیں کہ ہم سب نے ایک ٹیم بن کر صحت مند پنجاب کے خواب کو حقیقت بنانا ہے اور ہسپتال آنے والے ہر مریض کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔
٭٭٭٭

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں