عظمی بخاری 19

وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر سکھ یاتریوں کی مہمان نوازی میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی’ عظمیٰ بخاری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے وساکھی کے موقع پر دنیا بھر اور بالخصوص سرحد پار سے آنے والے سکھ یاتریوں کو پنجاب آمد پر خوش آمدید کہا ہے۔انہوں نے کہا کہ وساکھی پنجاب کا ایک خوبصورت، روایتی اور قدیم تہوار ہے جس کے رنگ ہماری دھرتی کی پہچان ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے واضح کیا کہ پنجاب حکومت اپنی دیرینہ روایت کو برقرار رکھتے ہوئے امسال بھی وساکھی کا تہوار بھرپور جوش و خروش سے منائے گی۔ انہوں نے ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال وزیراعلی مریم نواز نے کرتارپور صاحب میں خود گندم کی کٹائی کر کے اس تہوار کا باقاعدہ آغاز کیا تھا، جو سکھ برادری سے ہماری محبت اور جڑت کا ثبوت ہے۔صوبائی وزیر نے یاتریوں کو یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ حکومتِ پنجاب نے سکھ مہمانوں کے لیے قیام و طعام اور ٹرانسپورٹ کے بہترین انتظامات کیے ہیں۔

یاتریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے فول پروف سیکیورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے تاکہ وہ مکمل امن و سکون کے ساتھ اپنی مذہبی رسومات ادا کر سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سکھ یاتری ہمیشہ سے پنجاب کی مہمان نوازی کے معترف رہے ہیں اور ہم اس بار بھی ان کی خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔ سرحد پار سے آنے والے یاتری ہمارے معزز مہمان ہیں اور ان کی میزبانی کرنا ہمارے لیے باعثِ مسرت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں