مریم نوازشریف 56

وزیراعلیٰ مریم نواز کی وساکھی میلے کی مبارکباد، یاتریوں کو ’جی آیاں نوں‘

لاہور ( رپورٹنگ آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے وساکھی میلے میں شرکت کیلئے آنے والے سکھ یاتریوں کو جی آیاں نو کہتے ہوئے وساکھی کی مبارک باد دی ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی سکھ بہن بھائیوں کو وساکھی میلے کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وساکھی میلے میں ہر چہرے پر خوشی اور پیار کے رنگ چمک رہے ہیں، یہی پنجاب کا حسن ہے، سکھ بہن بھائیوں کی سر زمین پنجاب آمد پر میز بانی کو اعزاز سمجھتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں آنے والے سکھ یاتریوں کی خدمت و تواضع میں کسر نہیں چھوڑی جائے گی، سکھ یاتریوں کی آمد و رفت، قیام وطعام اور سکیورٹی کیلئے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں.

وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ سکھ مہمانوں کیلئے پہلی بار ائیر کنڈیشنڈ مارکیز قیام گاہوں اور لگژری گاڑیوں کا اہتمام کیا گیا ہے، پنجاب میں اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے کیے گئے اقدامات عملی طور پر واضح ہیں۔

خیال رہے کہ پنجاب کے تہوار موسموں اور فصلوں سے جڑے ہوئے ہیں، پنجابی تہوار وساکھی گندم کی کٹائی کا جشن ہے، اسی طرح لوہڑی کماد کی کٹائی کے جشن کے طور پر منایا جاتا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں