وزیراعلیٰ عثمان بزدار 199

وزیراعلیٰ عثمان بزدارکا مون سون سیزن میں ممکنہ سیلاب کے پیش نظرضروری حفاظتی انتظامات جلد مکمل کرنے کا حکم

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے مون سون سیزن میں ممکنہ سیلاب کے پیش نظرضروری حفاظتی انتظامات جلد مکمل کرنے کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سیکرٹری آبپاشی کو ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے منظور شدہ پلان کے تحت ہر ضروری اقدام اٹھایا جائے اور ایس او پیز کے تحت پیشگی حفاظتی انتظامات اوردیگر ضروری انتظامات کوفی الفور حتمی شکل دی جائے۔

محکمہ آبپاشی سیلاب کے پیش نظر بھرپور منصوبہ بندی کے تحت انتظامات کرے اور فلڈ ایس او پیز پر عملدرآمد کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب کے خدشے کے پیش نظر درکار آلات، مشینری او رانسانی وسائل کا اہتمام کیا جائے۔ ممکنہ سیلاب کے انتظامات میں غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔جن علاقوں میں سیلاب کا خدشہ ہے وہاں جانی او رمالی نقصان سے بچاؤ کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ دریائوں میں پانی کی صورتحال کو ابھی سے مانیٹر کیا جائے اور جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے موسم کے بارے میں مستند معلومات کا حصول یقینی بنایا جائے۔پیشگی انتظامات کا تھرڈ پارٹی آڈٹ ہوگا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے متعلقہ محکموں او راداروں کو ہمہ وقت چوکس رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کی سطح پر ایمرجنسی پلان تیار کیے جائیں۔

اضلاع میں سانپ کے کاٹنے کے علاج کی میڈیسن وافر مقدار میں موجود ہونی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کے نشیبی علاقوں سے بارش کے پانی کی جلد نکاسی کے لئے موثر پلان پہلے سے ترتیب دیاجائے اور سوشل میڈیا سمیت دیگر ذرائع ابلاغ کے ذریعے عوام کو موسم اور دریاؤں میں پانی کی صورتحال سے آگاہ رکھاجائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں