حلیم عادل 197

وزیراعلیٰ سندھ کا طیارہ کس نے استعمال کیا؟ ، حلیم عادل شیخ نے سول ایوی ایشن کو خط لکھ دیا

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)وزیراعلیٰ سندھ کا طیارہ کس نے استعمال کیا؟ ملتان میں ہنگامی لینڈنگ کرنے والے وزیر اعلیٰ کے سرکاری طیارے میں بلاول زرداری کے ساتھ کون سوار تھے، اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے ایئرپورٹ انتظامیہ کو خط لکھ دیا،

خط سیکریٹری ایوی ایشن ڈویزن، ڈائریکٹر جنرل ہیڈکوارٹرز سول ایوی ایشن اتھارٹی، ڈائریکٹر جنرل ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس کے نام پر لکھا گیا،خط کی کاپی وزیراعظم اور گورنر سندھ کے پرنسپل سیکرٹری کو بھی ارسال کی گئی، حلیم عادل شیخ نے خط میں لکھا ہے جہاز میں کون لوگ سوار تھے تفصیلات دی جائے، طیارہ وزیراعلیٰ کے زیر استعمال ہے، عوام کے ٹیکس پر اس طیارے پر خرچ کیا جاتا ہے، میرا حق ہے کہ اس حوالے سے میں معلومات حاصل کروں، سندھ میں منتخب وغیرمنتخب افراد سیاسی پروگراموں میں سرکاری فنڈ کا بیدریخ استعمال کررہے ہیں،

وزیراعلیٰ سندھ کا سرکاری جہاز بھی پارٹی پروگراموں کے لئے استمعال کیا جاتا ہے۔ حلیم عادل شیخ نے مزید کہا ہے چیف سیکریٹری سندھ عوام کو بتائیں کس قانون کے تحت وزیر اعلیٰ سندھ کا سرکاری طیارہ کسی سیاسی شخصیت کو استعمال کرنے دیا گیا ہے، وزیر اعلیٰ سندھ ملک سے باہر ہیں لیکن ان کی غیر موجودگی میں بھی طیارہ استعمال کیا جارہا ہے اس سے قبل بھی میڈٰیا میں رپورٹس آچکی ہیں سرکاری طیارہ سیاسی پروگراموں میں استعمال کیا جاتا رہا ہے سندھ میں عوام کیفنڈز کو مال غنیمت سمجھ کر دونوں ہاتھوں سے لوٹا جارہا ہے۔

دوسری جانب حلیم عادل شیخ نے اپنے بیان میں کہا کہ تھر میں غریب پر امن احتجاج کرنے والے مزدوروں کو تشدد کا نشانا بنایا جارہا ہے، دودو بھیل کے اصل قاتلوں کے گرفتار کرنے کے بجائے پولیس صحافیوں اور پر امن مظاہرین کو تشدد کا نشانہ بنا رہی ہے جس کی شدید مزمت کرتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں