کراچی(رپورٹنگ آن لائن) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے تھرپارکر میں ایک اونٹنی کی آنکھیں نکالنے کے دلخراش اور انسانیت سوز واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی میرپورخاص سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے پولیس حکام کو ہدایت جاری کی ہے کہ واقعے میں ملوث ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور انہیں جلد از جلد گرفتار کرکے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔سید مراد علی شاہ نے اپنے بیان میں کہا کہ بے زبان جانوروں پر ظلم و تشدد کسی صورت قابل برداشت نہیں اور ایسے غیر انسانی اور سفاکانہ اقدامات معاشرے میں کسی بھی طور قبول نہیں کیے جا سکتے۔
انہوں نے کہا کہ جانوروں کے ساتھ بدسلوکی اور تشدد انسانیت کے بنیادی اصولوں کے منافی ہے۔وزیراعلی سندھ نے مزید ہدایت کی کہ تھرپارکر کے محکمہ لائیو اسٹاک کے ویٹرنری ڈاکٹرز فوری طور پر متاثرہ اونٹنی کا علاج معالجہ یقینی بنائیں اور اسے ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ اس کی تکلیف میں کمی لائی جا سکے۔وزیراعلی سندھ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت سندھ جانوروں کے تحفظ اور فلاح و بہبود کے لیے مثر اقدامات جاری رکھے گی اور ایسے واقعات میں ملوث عناصر کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔









