پرویز الہی

وزیراعلی پنجاب کا انتخاب،پرویز الہی کے اراکین اسمبلی سے رابطے تیز

لاہور (رپورٹنگ آن لائن ) وزیراعلی پنجاب کے انتخاب کیلئے چوہدری پرویز الہی نے اراکین اسمبلی سے رابطے تیز کر دیے، پی ٹی آئی نے دعوی کیا ہے کہ مسلم لیگ ن کے مزید 2 اراکین اسمبلی جلد استعفی دے دیں گے۔ تفصیلات کے مطابق 22 جولائی کو وزیراعلی کے انتخاب کے لیے پنجاب میں سیاسی سرگرمیاں تیز ہو گئیں۔

چوہدری پرویز الہی نے تحریک انصاف کی کور کمیٹی سے گرین سگنل ملنے کے بعد اراکین اسمبلی سے رابطے تیز کر دیے۔ چوہدری پرویز الہی کی اراکین پنجاب اسمبلی سے ملاقاتیں جاری ہیں اور چوہدری پرویز الہی نے اراکین اسمبلی کا اجلاس بھی طلب کر لیا ہے۔ 17 جولائی کے ضمنی انتخاب کے بعد پی ٹی آئی اور ق لیگ 188 سیٹوں کے ساتھ اکثریت میں ہیں جبکہ مسلم لیگ ن کے 2اراکین اسمبلی استعفی دےچکے ہیں ،ایک جعلی ڈگری میں نااہل ہو چکا ہے۔ پی ٹی آئی نے دعوی کیا ہے کہ مسلم لیگ ن کے مزید 2 اراکین اسمبلی جلد استعفی دے دیں گے۔

گذشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی نے چوہدری پرویزالہی کو وزیراعلی پنجاب بنانے کی توثیق کی تھی۔ خیال رہے سپریم کورٹ نے 22 جولائی کو وزیراعلی کا انتخاب پنجاب اسمبلی کی عمارت میں کرانے کا حکم دیا۔