پنجاب حکومت

وزیراعلی پنجاب نے سرمایہ کاری سہولت سینٹر کا افتتاح کر دیا

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے سرمایہ کاری سہولت سینٹر کا افتتاح کر تے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے پنجاب اب چین کے سرمایہ کاروں کیلئے بہترین اوراولین انتخاب بن چکا ہے،2018 سے اب تک تین سال میں چین کے سرمایہ کار ڈیڑھ ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرچکے ہیں، چین کا سب سے بڑا گارمنٹس گروپ چیلنج فیشن پنجاب میں 15 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری لارہا ہے،مقامی اورغیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے پنجاب میں سرمایہ کاری کرنے کے حوالے سے سہولتیں دینے اور آسانیاں پیدا کرنے کیلئے چیف منسٹر آفس کے تحت وزیراعلی سرمایہ کاری سہولت سینٹر قائم کیا ہے۔

وزیراعلی عثمان بزدار نے سرمایہ کاری سہولت سینٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عثمان بزدار نے کہاکہ یہ سینٹر سرمایہ کاری سے متعلقہ امور کے حوالے سے تمام اقدامات فوری اٹھائے گا۔ کوئیسرخ فیتہ سرمایہ کاری کی راہ میں حائل نہیں ہونے دیں گے۔

سرمایہ کاری سہولت سینٹر کے قیام سے سرمایہ کاروں کو متعلقہ اداروں کے اعلی سرکاری حکام تک براہ راست رسائی حاصل ہوگی۔ وزیراعلی پنجاب نے کہاکہ بزنس کی پلاننگ سے پراجیکٹ کے آغاز تک حائل رکاوٹوں کو آسانی سے دورکیا جاسکے گا۔ پنجاب کو سرمایہ کاری کے نئے دور میں داخل کرنے کیلئے ہم زیرو این او سی کی پالیسی لارہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ زیرو این او سی کی پالیسی سے تاجر،صنعت کار اورسرمایہ کارباعزت طریقے سے آسانی کیساتھ نہ صرف کاروبار شروع کرسکیں گے بلکہ اسے ترقی بھی دے سکیں گے۔ عثمان بزدار نے کہاکہ اسی پالیسی کے تحت چیلنج فیشنکو کاروبار کیلئے دوہفتے کی قلیل مدت میں این او سی جاری کردیاگیا ہے۔

ہمارے اس بزنس دوست اقدام سے 20 ہزار سے زائد روزگار کے نئے مواقع پیدا ہورہے ہیں۔ پنجاب میں مقامی صنعت و تجارت کے فروغ کیلئے قابل ذکر اقدامات کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب میں 7 دہائیوں سے صرف 12 سیمنٹ پلانٹ تھے۔ ہماری حکومت نے 3 سال میں 10 سیمنٹ پلانٹ کیلئے این او سی جاری کردیئے ہیں۔ مزید 10سیمنٹ پلانٹ کی منظوری کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ ہماری حکومت سے قبل پنجاب میں صرف 2 اسپیشل اکنامک زونز تھے۔

وزیراعلی پنجاب نے کہاکہ ہم نے تین برس میں 12 اسپیشل اکنامک زونز پر کام شروع کیا ہے، 8نئے اسپیشل اکنامک زونز میں انڈسٹریلائزیشن کا عمل شروع ہوچکا ہے۔4انڈسٹریل اسٹیٹس کو اپ گریڈ کر کے اسپیشل اکنامک زونز کا درجہ دیا جارہا ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ نوجوانوں کے لئے روزگار اور چھوٹے قرضوں کی فراہمی کیلئے بینک آف پنجاب کے اشتراک سے 30 ارب روپے مالیت کے پنجاب روزگارپروگرام کا آغاز کردیا گیا ہے۔ عثمان بزدار نے کہاکہ صوبے میں زراعت اورلائیواسٹاک کے پوٹینشل کو پوری طرح استعمال میں لانے کیلئے کوشاں ہیں۔ چھوٹے کاشتکاروں کو رعایتی نرخ پر جدید زرعی آلات فراہم کیے جارہے ہیں۔

کاشتکاروں کیلئے کسان کارڈ کا اجرا کیا گیا ہے۔ وزیراعلی پنجاب نے مزید کہاکہ پنجاب حکومت نومبر میں دبئی ایکسپو میں صوبے کی ثقافتی اور تجارتی شوکیسنگ کرے گی۔ دبئی ایکسپو میں پنجاب کی ثقافت، تجارت، سیاحت اور درخشاں روایات کے پوشیدہ گوشے روشناس کرائے جائیں گے۔ دبئی ایکسپو میں شرکت کامقصد دنیا کے سامنے پاکستان کا سافٹ امیج سامنے لانا ہے۔