کراچی (رپورٹنگ آن لائن)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے یومِ القدس کے موقع پر فلسطینی عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا ہے کہ یومِ القدس مظلوم فلسطینیوں کی جدوجہد کو یاد رکھنے اور ان کے ساتھ یکجہتی کے عزم کی تجدید کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے یومِ القدس کے موقع پر صوبے بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔
وزیراعلی ہاس سے جاری اپنے پیغام میں وزیراعلی سندھ نے کہا کہ فلسطینی عوام کئی دہائیوں سے ظلم و جبر کا سامنا کر رہے ہیں اور پاکستان اور سندھ کے عوام ان کے حقِ خودارادیت کی جدوجہد کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی جائز جدوجہد کی اخلاقی و سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔ سید مراد علی شاہ نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ فلسطین میں انسانی حقوق کی پامالی کا نوٹس لے اور مظلوم فلسطینیوں کے مسائل کے حل کے لیے مثر کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ یومِ القدس ہمیں انصاف، امن اور انسانی وقار کے لیے آواز بلند کرنے کا درس دیتا ہے اور خطے میں پائیدار اور دیرپا امن کے لیے فلسطین کی بہتری کے لیے فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔
وزیراعلی سندھ نے کہا کہ پاکستان بھر میں فلسطین کی آزادی کے لیے یومِ القدس ریلیاں نکالی جا رہی ہیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ یومِ القدس ریلیوں کے دوران سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل الرٹ رہیں اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔ وزیراعلی سندھ نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ ریلیوں کے منتظمین کے ساتھ مکمل رابطے میں رہے تاکہ ریلیاں پرامن انداز میں منعقد ہو سکیں۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے لیے سکیورٹی اداروں سے بھرپور تعاون کریں۔









