اسد عمر

وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق ہمیں یہ عید سادگی سے منانی چاہیے، اسد عمر

اسلام آبا د(رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق ہمیں یہ عید سادگی سے منانی چاہیے۔ ہفتہ کو وفاقی وزیر اسد عمر زیر صدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا جس میں فورم کو عید االاضحی پر مویشی منڈیوں میں حفاظتی تدابیر کے حوالے سے عملدرآمد اور خاص کر خلاف ورزیوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی ۔

بتایاگیاکہ مختلف صوبوں میں حفاظتی تدابیر کی خلاف ورزیاں دیکھنے میں آئی ہیں،پورے پاکستان میں غیر قانونی مویشی منڈیوں کو بند کیا گیا، جْرمانے کیے گئے اور قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی گئی۔ فورم میں شاپنگ پلازہ، سبزی منڈیوں اور مویشی منڈیوں میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے خلاف ورزیوں کے مشاہدے پر بریفنگ دی گئی ۔

وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق ہمیں یہ عید سادگی سے منانی چاہیے۔اسد عمر نے کہاکہ عید پر تفریخی مقامات کا رْخ نہ کریں اور عید پر اجتماعات سے گریز کریں،نماز میں سماجی فاصلوں اور دی گئی ہدایات پر عمل سے وَبا پر قابوپایا جا سکتا ہے۔ اسد عمر نے کہاکہ مویشی منڈیوں میں حفاظتی تدابیر کو ہر ممکن یقینی بنایا جائے گا،ملک بھر میں 527 غیر قانونی مویشی منڈیوں کو سیل کر دیا گیا۔

اعلامیہ کے مطابق پنجاب میں 2699 خیبر پختونخواہ میں 255 اور اسلام آباد میں تین منڈیاں شامل ہیں ،ایس او پیز کے خلاف پنجاب میں مختلف مقامات پر 13 کاروائیاں کی گئیں،مختلف صوبوں میں مجموعی طور پر 21755 روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔