اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن ) وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر مقامی حکومتوں کے انتخابات سے قبل پاکستان تحریک انصاف کی بھرپور صف بندی کی تیاریوں کا آغاز کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی ہدایات کی روشنی میں چیف آرگنائزر سینیٹر سیف اللہ خان نیازی ملک گیر دوروں کیلئے پوری طرح تیار ہیں۔ ذرائع کے مطابق چیف آرگنائزر اپنے ملک گیر دوروں کی ابتدا جنوبی پنجاب کے اہم ضلع بہاولنگر سے کریں گے، سینیٹر سیف اللہ خان نیازی 11 ستمبر کو بہاولنگر جائیں گے۔ اس کے علاوہ تحریک انصاف جنوبی پنجاب کے صدر سینیٹر عون عباس بپی کی قیادت میں ریجنل و ضلعی ذمہ داران کو چیف آرگنائزر کی آمد سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ دورہ بہاولنگر کے دوران سینیٹر سیف اللہ خان نیازی مقامی قیادت سے خصوصی ملاقات کریں گے۔