شہباز شریف

وزیراعظم کی مستونگ میں انسداد پولیو مہم کی ٹیم پر دہشتگرد حملے کی شدید مذمت

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مستونگ میں انسداد پولیو مہم کی ٹیم پر دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم شہریوں کی جان و مال کو نقصان پہنچانے والے انسانیت کے دشمن دہشتگردوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔

بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے حملے میں پولیو ٹیم کی سکیورٹی پر مامور لیویز اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی اورلواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ معصوم شہریوں کی جان و مال کو نقصان پہنچانے والے انسانیت کے دشمن دہشتگردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، اس قسم کے واقعات حکومت پاکستان کے ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کے عزم میں کوئی کمی نہیں لا سکتے،عوام مایوس نہ ہوں، اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر ان کا مستقبل محفوظ بنائیں،انسداد پولیو مہم ہر صورت میں مکمل تحریک کے ساتھ جاری رہے گی۔