اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) وزیراعظم محمد شہبازشریف نے جمہوریہ قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایئف سے ٹیلی فون پر گفتگو کی جس دور ان وزیراعظم نے 15 مارچ 2026 کو قازقستان میں ہونے والے تاریخی آئینی ریفرنڈم کی کامیابی پر صدر توکایئف کو مبارکباد دی۔جاری اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم نے کہا کہ نئے آئین کے لیے زبردست ٹرن آؤٹ اور حمایت قازقستان کے عوام کے صدر توکایف کی دور اندیش قیادت اور اصلاحاتی ایجنڈے پر اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔
انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ اصلاحات قازقستان میں نظم و نسق، ادارہ جاتی استحکام اور قومی ترقی کو مزید مستحکم کریں گی۔ گزشتہ ماہ صدر توکایف کے دورہ پاکستان کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے صدر کو یقین دلایا کہ پاکستان اس دورے کے دوران کیے گئے فیصلوں پر ترجیحی بنیادوں پر عملدرآمد یقینی بنا رہا ہے اس حوالے سے وزیرِ اعظم نے کہا کہ دونوں فریق جلد ہی مجوزہ ایم او یوز اور معاہدوں پر نتیجہ خیز عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے ملاقات کریں گے۔ صدر توکایئف نے وزیراعظم کو اس سال کے آخر میں قازقستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت دہرائی جسے وزیرِ اعظم نے قبول کر لیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے علاقائی پیشرفت بالخصوص افغانستان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور مشترکہ خوشحالی کے لیے بات چیت، تعاون اور روابط کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔ وزیراعظم نے عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر صدر توکایف اور قازقستان کے برادر عوام کو بھی تہہ دل سے پیشگی مبارکباد پیش کی اور ان کی مسلسل امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔









