اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ مذاکرات کے لیے وزیراعظم نے اسپیکر کی سربراہی میں کمیٹی بنائی، اس کمیٹی سے اپوزیشن یکطرفہ طور پر اٹھ کر چلی گئی۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت ہمیشہ سے ہی مذاکرات چاہتی ہے، ہماری طرف سے ایک ہی شرط ہے کہ مذاکرات پاکستان کے لیے ہوں گے۔طلال چوہدری نے کہا کہ کمیٹی، اسپیکر کا آفس اور مذاکرات پیشکش ابھی بھی ادھر ہی ہے، اب اسپیکر کے آفس تک آنا ہے تو وہ اپوزیشن نے آنا ہو گا، پاکستان کے مسائل اور عام آدمی کی زندگی کو بہتر کرنے کے لیے بات کرنا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر نے فلور آف دی ہاؤس کہا کہ مثبت کاموں میں آپ کی حمایت کریں گے، بسم اللّٰہ کریں، دہشت گردی پر آپ ہمارا ساتھ دیں، آپ دہشت گردی پر ہمارے ساتھ بیٹھیں۔انہوںنے کہاکہ وزیراعلیٰ کو کہیں گلیوں میں پھرنے کے بجائے وزیراعظم کی کمیٹی میں آئیں، اِن کیمرا یا کوئی اور سیشن ہوتا ہے تو وزیراعلیٰ وہاں آئیں تاکہ پاکستان کیلئے آگے بڑھا جاسکے۔









