لاہور (رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم عمران خان نے دورہ لاہور میں پنجاب حکومت کو قبضہ مافیا کے خلاف بھر پور ایکشن کرنے کا حکم دے دیا جبکہ مختلف ترقیاتی اسکیموں کو بروقت مکمل نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے دورہ لاہور میں اجلاسوں کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ،
عمران خان نے پنجاب حکومت کو حکم دیا ہے کہ قبضہ مافیاکے خلاف بھر پور ایکشن چاہیے، چاہے کسی سیاسی جماعت کاقبضہ مافیاسے تعلق ہوایکشن کریں۔ عمران خان مختلف ترقیاتی اسکیموں کو بروقت مکمل نہ ہونے ، اشتہاریوں کی عدم گرفتاری اور کرائم کو کنٹرول نہ کرنے پر برہم ہوئے جبکہ پنجاب میں انتظامی معاملات بہتر ،کفایت شعاری پالیسی پر عملدرآمد ، مہنگائی سے متعلق مثبت اقدام اٹھانے پر وزیراعلی اور ان کی ٹیم کی تعریف کی۔
وزیراعلی پنجاب نے بریفنگ میں بتایا کہ( ن) لیگ کے متعدد رہنما اور ایم پی ایز رابطے میں ہیں اور( ن) لیگ کے 7سینئر رہنما لیڈر شپ سے بہت ناراض ہیں ، کچھ ملاقاتیں خفیہ کرتے ہیں کچھ سامنے آچکے ہیں۔ بریفنگ میں کہا گیا کہ 42سیاستدانوں نے زمینوں پر قبضے ، منصوبوں سے غیر قانونی پیسے کمائے، پنجاب حکومت کو لیگی سیاستدانوں کیخلاف اہم ثبوت مل چکے ، قانونی کارروائی کرکے بھر پور ایکشن کیا جائے گا۔
میاں اسلم نے بریفنگ میں بتایا کہ ٹیوٹامیں داخلہ 90ہزار سے بڑھا کر 2لاکھ 30ہزار کردیاگیا، وزیراعظم نے وزیراعلی پنجاب اور میاں اسلم اقبال کی کارکردگی کوسراہا۔