شہباز شریف 41

وزیراعظم کا ملائیشین ہم منصب سے رابطہ، پاکستان کی جانب سے ہر ممکن مدد کی پیشکش

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملائیشیا کے وزیراعظم داتو سری انور ابراہیم کو ٹیلی فون کرکے حالیہ سمندری طوفان سے ہونے والی تباہی پر ملائشیا کی حکومت اور عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

وزیر اعظم آفس کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان کی عوام اور حکومت کی جانب سے حالیہ سمندری طوفان ڈاہ واہکے باعث ہونے والی شدید بارشوں، سیلاب اور بھاری تودے گرنے کے نتیجے میں ہونے والے قیمتی جانی و مالی نقصانات پر ملائشیا کے وزیراعظم سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے متاثرہ و غمزدہ خاندانوں کیساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں اور بے گھر ہونے والوں کی جلد صحت یابی و بحالی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے اس مشکل گھڑی میں ملائشین عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی و ہمدردی کا اظہار کیا اور ملائیشیا میں جاری امدادی اور ریسکیو کی کارروائیوں میں پاکستان کی جانب سے ہر ممکن مدد کی پیشکش بھی کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملائشین حکومت کو امدادی کارروائیوں میں جس قسم کی بھی معاونت درکار ہو گی پاکستان فراہم کرے گا۔

ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے وزیراعظم پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس مشکل وقت میں اظہار ہمدردی اور فکرمندی کے جذبات اور رابطہ پاکستان اور ملائشیا کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات کا مظہر ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں