وزیراعظم شہبازشریف

وزیراعظم شہبازشریف نے 600 بیڈز پر مشتمل ا نڈس اسپتال کا افتتاح کردیا

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) وزیرِ اعظم شہباز شریف نے لاہور میں انڈس اسپتال کا افتتاح کر دیا ،600 بستروں پر مشتمل انڈس اسپتال جوبلی ٹاون میں بین الاقوامی معیار کی علاج معالجے کی سہولیات مفت فراہم کی جارہی ہیں، یہ اسپتال تیس ایکڑ پر محیط ہے اور اس کا کورڈ ایریا نو لاکھ چھتیس ہزار سکوائرفٹ ہے یہ اسپتال مکمل فری ہوگا اور اسپتال کے اندر ایک بھی کیش کاونٹر قائم نہیں کیا گیا۔ ایک مریض پر تیس لاکھ تک بھی خرچہ آیا تو اس کا علاج مفت ہوگا۔

یہاں مریض کو علاج معالجہ کے ساتھ ساتھ کھانا بھی فری ملتا ہے۔ اسپتال کے آوٹ ڈور اور ان ڈور کے تین، تین شعبہ جات فنکشنل ہوگئے ہیں۔ فیملی میڈیسن، انٹرنل میڈیسن اور اطفال کے شعبہ جات میں کام شروع ہوگیا ہے جہاں مریضوں کا علاج معالجہ میں کوئی کوتاہی نہیں برتی جائے گی۔ یہاں اسپتال کے وارڈ ز کو مکمل فائر فری بنایا گیا ہے پردے اور چادروں اور دیواروں پر ایسا میٹریل لگایا گیا ہے کہ اگر خدا نخواستہ آگ بھی لگ جائے تو چار گھنٹے تک اثر انداز نہیں ہوگی۔ وارڈز صرف تین سے پانچ بیڈ پر مشتمل ہیں۔

آئیسو لیشن روم صرف ایک بیڈ پر مشتمل ہوگا۔ آپریشن تھیٹر اور آئی سی یو مکمل طور پر جراثیم فری ہوں گے کیونکہ فرش میں ٹائیلیں نہیں لگائی گئی بلکہ مخصوص و جدید فرش استعمال کیا گیا ہے۔ جب کہ اسپتال کا ماحول مریض دوست اور صحت دوست بنایا گیا ہے۔ اس کے لئے عملے کو مریضوں کے ساتھ خصوصی پیار اور شفقت کرنے کی تلقین کی گئی ہے جو ہمارے لئے وی آئی پی کی حیثیت رکھتے ہیں۔