شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف کا ملائیشیا کے وزیراعظم آفس آمدپر پرتپاک استقبال

پترا جایا(رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم محمد شہباز شریف کا ملائیشیا کے وزیراعظم آفس آمد پر پرتپاک استقبال کیا گیا۔پیر کو وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ملائیشیاکے وزیراعظم آفس (پرداناپترا ) آمد پر ان کے اعزاز میں باضابطہ استقبالیہ تقریب منعقد ہوئی.

ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کا گرمجوشی سےاستقبال کیا۔وزیراعظم کو ملائیشیاکی مسلح افواج کے دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا،وزیراعظم نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا،اس موقع پر دونوں ممالک کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔

ملائیشیا کے وزیراعظم نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کے ساتھ اپنی کابینہ کے ارکان کا تعارف کرایا، وزیراعظم شہباز شریف نے ملائیشیا کے وزراء اور دیگر حکام کے ساتھ مصافحہ کیاجبکہ وزیراعظم نے اپنے وفد کے ارکان کو ملائیشیا کے وزیراعظم سے متعارف کرایا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف اور ملائیشیاکے وزیراعظم انور ابراہیم کی کتاب ’’اسکرپٹ‘‘ کے اردو ترجمے کی رونمائی کریں گے۔

دونوں رہنماپاکستان اور ملائیشیا کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب میں شریک ہوں گے۔ اس کے بعد وزیراعظم پاکستان اور وزیراعظم ملائیشیامشترکہ پریس سٹیٹمنٹ دیں گے۔