شہباز شریف 27

وزیراعظم شہباز شریف کا عیدالفطر کے موقع پر اردن کے شاہ عبداللہ دوم سے ٹیلیفونک رابطہ، مشرق وسطیٰ کی بدلتی ہوئی صورتحال پر گفتگو

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عیدالفطر کے موقع پر ہاشمی مملکت اردن کے فرمانروا، عزت مآب شاہ عبداللہ دوم بن الحسین سے ٹیلیفون پر گفتگو کی۔گرمجوش اور خوشگوار گفتگو کے دوران وزیراعظم نے شاہ عبداللہ دوم، شاہی خاندان اور اردن کے برادر عوام کو عید کی دلی مبارکباد پیش کی۔ شاہ عبداللہ دوم نے بھی ان جذبات کا پرتپاک جواب دیا۔ دونوں رہنماؤں نے امتِ مسلمہ میں امن، اتحاد اور ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا۔دونوں رہنماؤں نے مشرقِ وسطیٰ کی بدلتی ہوئی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے خطے میں جاری کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔

انہوں نے حالیہ علاقائی کشیدگی کے دوران اردن پر ہونے والے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے مشکل گھڑی میں اردن کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے تحمل، کشیدگی میں کمی اور مسائل کے سفارتی حل کی ضرورت پر زور دیا۔وزیراعظم نے گزشتہ نومبر میں شاہ عبداللہ دوم کے دورہ پاکستان کو خوشگوار انداز میں یاد کیا اور پاکستان اور اردن کے مابین تجارت، سرمایہ کاری اور دفاع سمیت باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں قریبی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ اور علاقائی امور پر قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں