اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع باجوڑ میں سکیورٹی آپریشن کے دوران انتہائی مطلوب خارجی سرغنہ سمیت 4 خارجیوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
جمعرات کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت کی بدولت انتہائی مطلوب خارجی کمانڈر امجد کو جہنم رسید کرکے پاکستان کی سالمیت کے دشمنوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیا۔
انہوں نے کہا کہ معصوم اور نہتے شہریوں کی جان و مال کو نقصان پہنچانے والے عناصر کو اس انداز میں شکست دیتے رہیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت پاکستان ملک سے دہشتگردی کے عفریت کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہے۔