شہباز شریف 16

وزیراعظم شہباز شریف اور امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کی ملاقات، باہمی تجارت ، اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ ، انسداد دہشت گردی کے شعبے میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

واشنگٹن (رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم محمد شہباز شریف اور امریکا کے وزیر خارجہ مارکو روبیو نے پاکستان اور امریکا کے درمیان باہمی تجارت اور اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ اور انسداد دہشت گردی کے شعبے میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے جبکہ وزیراعظم نے تیزی سے بدلتے ہوئے عالمی ماحول میں مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی روابط کے تسلسل کی اہمیت پر زور دیا ہے۔

جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بورڈ آف پیس لیڈرز کے اجلاس کے موقع پر امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے ملاقات کی۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے ۔ وزیراعظم نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیر خارجہ روبیو کو بورڈ آف پیس کے کامیاب افتتاحی اجلاس کے انعقاد پر مبارکباد دی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان غزہ امن منصوبے پر عمل درآمد کے لیے بورڈ آف پیس کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے۔

دونوں جانب سے پاکستان اور امریکا کے سٹرٹیجک تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی قیادت میں شراکت داری کے مثبت تسلسل اور رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ فریقین نے باہمی تجارت اور اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ اور انسداد دہشت گردی کے شعبے میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔وزیراعظم نے تیزی سے بدلتے ہوئے عالمی ماحول میں مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے پاکستان اور امریکا کے درمیان اعلیٰ سطحی روابط کے تسلسل کی اہمیت پر زور دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں