شہباز شریف

وزیراعظم سے چینی اسپیس ٹیکنالوجی کمپنی کے چیئرمین کی وفد کے ہمراہ ملاقات

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم شہباز شریف سے چین سے تعلق رکھنے والی اسپیس ٹیکنالوجی کمپنی گلیکسی اسپیس کے چیئرمین نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی ہے۔

وفد نے پاکستان کی اسپیس ٹیکنالوجی انڈسٹری میں سرمایہ کاری اور پاکستانی اسپیس ٹیکنالوجی کے اداروں اور نجی ٹیلی کام کمپنیوں کے ساتھ مشترکہ منصوبوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اسپیس ٹیکنالوجی شعبے کو انتہائی اہمیت دے رہا ہے، چین ہمارا انتہائی قابل اعتماد دوست اور اسٹریٹجک شراکت دار ہے.

چین کے ساتھ اسپیس ٹیکنالوجی،اسپیس سٹیلائیٹ اور ٹیلی کمیونیکیشن، سٹیلائیٹ انٹر نیٹ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے خواہاں ہیں۔وفد نے پرتپاک میزبانی پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام اور سپارکو کے حکام سے ملاقاتیں انتہائی مفید رہیں۔