اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم محمد شہباز شریف کو یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا کی جانب سے ٹیلیفون کال موصول ہوئی جس میں اپنی خوشگوار اور دوستانہ گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے ساتھ پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔دونوں رہنماؤں نے ایران اور خلیجی ممالک میں جاری کشیدگی اور اس کے عالمی معیشت پر اثرات پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور اس بحران کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارتکاری کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیراعظم نے یورپی کونسل کے صدر کو مشرق وسطیٰ کے بحران میں کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی ثالثی کوششوں سے متعلق تازہ پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔ یورپی کونسل کے صدر نے پاکستان کی امن کوششوں کی تائید کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ یورپی یونین خطے میں امن و استحکام کی بحالی کے لیے تمام سفارتی اقدامات کی حمایت کرتی ہے۔پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ان تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔
انہوں نے یاد دلایا کہ گزشتہ ماہ برسلز کا ان کا طے شدہ دورہ مؤخر ہو گیا تھا۔ یورپی کونسل کے صدر نے کہا کہ وہ باہمی طور پر طے شدہ تاریخوں پر وزیراعظم کا برسلز میں خیرمقدم کرنے کے منتظر ہیں۔جی ایس پی پلس کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وہ 28ـ29 اپریل 2026 کو اسلام آباد میں منعقد ہونے والے پہلے پاکستانـیورپی یونین بزنس فورم کا افتتاح کرنے کے منتظر ہیں۔وزیراعظم نے یورپی کمیشن کی صدر ارسلا وان ڈیر لیئین کیلئے اپنی نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔









