لاہور( رپورٹنگ آن لائن)پلڈاٹ نے پارلیمان کے پہلے سال کی کارکردگی رپورٹ جاری کردی ہے جس کے مطابق وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ سب سے نمایاں وزیر رہے۔ رپورٹ کے مطابق انہوں نے 157میں سے 89اجلاسوں میں شرکت کی اور 17گھنٹے سے زائد وقت تک ایوان میں گفتگو کی۔
رپورٹ کے مطابق خواجہ آصف دوسرے نمبر پر رہے، انہوں نے 69سیشنز میں شرکت کی اور ساڑھے پانچ گھنٹے تک پارلیمان میں اظہار خیال کیا۔ عطا تارڑ بولنے کے اعتبار سے تیسرے نمبر پر رہے، انہوں نے 63اجلاسوں میں شرکت کے ساتھ ساڑھے چار گھنٹے بات کی۔وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے تقریباً چار گھنٹے گفتگو کی تاہم وہ صرف 35سیشنز میں شریک ہوئے۔ ڈپٹی وزیر اعظم اسحاق ڈار نے 32اجلاسوں میں شرکت کے باوجود ڈھائی گھنٹے تک پارلیمان میں بات کی اور پانچویں نمبر پر رہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی پارلیمانی امور میں سب سے کم متحرک رہے، انہوں نے پورے سال میں صرف 10اجلاسوں میں شرکت کی اور 12منٹ خطاب کیا۔رپورٹ کے مطابق وزیر بحری امور قیصر شیخ نے 67اجلاسوں میں شرکت کی لیکن وہ صرف 31منٹ ہی بول سکے جس کے باعث وہ درجہ بندی میں 17ویں نمبر پر رہے۔پلڈاٹ کی رپورٹ ایوان میں حاضری اور بولنے کے دورانیے کی بنیاد پر مرتب کی گئی ہے جس میں وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کابینہ کے سب سے بااثر اور موثر رکن کے طور پر ابھرے ہیں۔