محسن نقوی 12

وزیر داخلہ محسن نقوی کا خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں کامیاب آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

کوئٹہ /پشاور /راولپنڈی /اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 7 دہشتگرد ہلاک ہو گئے جبکہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں کامیاب آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ عوام کی مکمل حمایت کے ساتھ ملک کی دھرتی سے خوارجیوں اور دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کر کے دم لیں گے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ضلع چاغی کے علاقے نوکچہ میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوئے، دہشت گردوں نے نوکچہ میں خالی واٹر بازر کو آگ لگانے کے بعد فرار ہونے کی کوشش کی تھی۔

فتنہ الہندوستان کے دہشت گرد این 40 شاہراہ کے مختلف مقامات پر آتشزدگی کی کارروائیوں میں بھی ملوث تھے، 31اگست کو بھی اسی نوعیت کی تخریبی کارروائیوں میں ملوث فتنہ الہندوستان کے 11دہشت گرد مارے گئے تھے۔سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ فورسز کی بلوچستان سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی، سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے پرعزم ہیں۔دوسری جانب خیبر پختون خوا کے علاقے باڑہ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کر کے فتنہ الخوارج کے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں سے بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔کارروائی کے نتیجے میں فتنہ الخوارج کے ٹھکانوں کو بھی مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔

دریں اثناء وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں خوارجیوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہا ہے۔وزارت داخلہ سے جاری بیان کے مطابق محسن نقوی نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں نے بروقت اور مثر کارروائیاں کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا ہے۔ انہوں نے خیبرپختونخوا کے قبائلی ضلع خیبر کے علاقے باڑہ میں 5 اور بلوچستان کے ضلع چاغی کے علاقے نوکچہ میں 2 خوارجیوں کو جہنم واصل کرنے پر جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔محسن نقوی نے کہا کہ خوارجی دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف سکیورٹی فورسز کی مسلسل اور کامیاب کارروائیوں کو پوری قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

انہو ں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے بہادر جوان اور افسران ہمارا فخر ہیں اور پوری قوم کو اپنے محافظوں پر ناز ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان شا اللہ عوام کی مکمل حمایت کے ساتھ ملک کی دھرتی سے خوارجیوں اور دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کر کے دم لیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں