اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیر داخلہ محسن نقوی نے 10 جنوری 2008 کو جی پی او خودکش حملے میں جان کی بازی ہارنے والے پولیس اہلکاروں کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں”پنجاب پولیس کے بہادر بیٹے ”قرار دیا جنہوں نے فرض کی ادائیگی میں جام شہادت نوش کیا۔
سانحہ کی 18ویں برسی کے موقع پر ہفتہ کو اپنے پیغام میں وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ لاہور پولیس کے افسروں اور جوانوں نے قوم کی حفاظت کے لیے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور شہادت کا اعلیٰ ترین اعزاز حاصل کیا۔انہوں نے کہا کہ شہدا جرات اور عزم کی لازوال علامت ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کی قربانیوں نے ملکی تاریخ میں ایک لازوال باب رقم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہدا اپنی شہادت کے ذریعے امر ہو گئے۔محسن نقوی نے زور دے کر کہا کہ قوم ان ہیروز کے خاندانوں کی مقروض ہے جن کے پیاروں نے امن کو برقرار رکھنے کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے شہدا ہمارے دلوں میں رہتے ہیں اور ہمیشہ زندہ رہیں گے، وہ ہمارے سر کا تاج ہیں اور جو قومیں اپنے شہدا کی عزت کرتی ہیں وہ ہمیشہ غالب رہتی ہیں۔وفاقی وزیر داخلہ نے پولیس شہدا کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے اور ان کے خاندانوں کی کفالت جاری رکھنے کے حکومتی عزم کا اعادہ بھی کیا۔









