لاہور (رپورٹنگ آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر سیف الملوک کھوکھر نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف صوبے کے کمزور اورپسے ہوئے طبقات کی مضبوط آواز ہیں ، صوبے میں عوام کی فلاح کیلئے جو منصوبے شروع کئے گئے ہیں وہ اپنی مثال آپ ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وائٹ پیلس میں پارٹی کارکنان اور حلقے کے لوگوں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔
سیف الملوک کھوکھر نے لوگوں کے مسائل سنے اور ان کے حل کے لئے فوری احکامات جاری کئے ۔ اس موقع پر وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے نگہبان رمضان پیکج کے تحت مستحق افراد میں امدادی رقم کے کارڈز بھی تقسیم کئے گئے ۔سیف الملوک کھوکھر نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کا بر ملا کہنا ہے کہ کمزور اور پسے ہوئے طبقات کو وسائل کی فراہمی ان پر کوئی احسان نہیں بلکہ یہ حکومت کا اولین فرض ہے ۔
پنجاب حکومت نے رمضان المبارک میں عوام کیلئے خصوصی پیکج دیاہے ،فیئر پرائس شاپس کا قیام اور اس طرز کے دیگر اقدامات فلاحی حکومت کی منہ بولتی تصویر ہے ۔ انہوںنے کہا کہ پنجاب حکومت کی کاوشوں سے گھی ،آئل اور فلور ملز مالکان نے رمضان المبارک میں قیمتوں میں کمی کی یقین دہانی کرائی ہے ، رمضان المبارک میں کسی کو بھی گراں فروشی اور عوام کا استحصال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔









