ملائشیا 54

وزیر اعظم کو ملائشیا ئی ہم منصب کا فون ، مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے پاکستان کی کوششوں کی حمایت

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)ملائشیا کے وزیراعظم داتو سری انور ابراہیم نے مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے پاکستان کی امن کوششوں کے لئے حمایت کا اظہار کیا ہے جبکہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملائیشیا کے وزیر اعظم کو امریکا اور ایران کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے برادر خلیجی ممالک اور ایران کے رہنماؤں کے ساتھ اپنی بات چیت سمیت تازہ ترین سفارتی کوششوں سے آگاہ کیا ہے۔

جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کو ملائیشیا کے وزیراعظم داتو سری انور ابراہیم نے ٹیلیفون کیا۔گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کو عید الفطر کی مبارکباد دی اور امت کے اتحاد اور ترقی کے لیے دعا کی۔ وزیراعظم نے مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے پاکستان کی قیادت میں ثالثی کی کوششوں کی حمایت کے مضبوط پیغام پر ملائیشیا کے وزیر اعظم کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ملائیشیا کے وزیر اعظم کو امریکا اور ایران کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے برادر خلیجی ممالک اور ایران کے رہنماؤں کے ساتھ ان کی بات چیت سمیت تازہ ترین سفارتی کوششوں سے آگاہ کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی شاندار قیادت کی تعریف کرتے ہوئے ملائیشیا کے وزیراعظم نے انہیں مختلف عالمی رہنماؤں کے ساتھ اپنی گفتگو سے بھی آگاہ کیا جس میں انہوں نے مشرق وسطیٰ کی جنگ کے فوری خاتمے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے پاکستان کی امن کوششوں میں ملائیشیا کی مکمل حمایت کی پیشکش کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ملائیشیا کے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور انہیں یقین دلایا کہ پاکستان خطے کی موجودہ صورتحال میں کشیدگی کو کم کرنے کے لیے مخلصانہ اور حقیقی کوششیں جاری رکھے گا۔ دونوں رہنماؤں نے آپسی رابطے بحال رکھنے پر اتفاق کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں